ہفتہ 22 فروری 2025 - 10:39
امریکہ کے ساتھ مذاکرات کرنا ایک عہد شکن ملک کے ساتھ بات چیت کرنے کے مترادف ہے: آیت اللہ حسینی بوشہری

حوزہ/ انہوں نے خطبہ نماز جمعہ میں امریکہ کے ساتھ مذاکرات کے بارے میں کہا کہ امریکہ ایک طرف مذاکرات کی پیشکش کرتا ہے اور دوسری طرف دھمکیاں دیتا ہے، امریکہ کے ساتھ مذاکرات کرنا ایک عہد شکن ملک کے ساتھ بات چیت کرنے کے مترادف ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، قم المقدسہ میں نماز جمعہ کے خطیب آیت اللہ سید ہاشم حسینی بوشہری، نے 21 فروری 2025 کو قم کے مصلٰی قدس میں خطبہ جمعہ دیا۔ انہوں نے امریکہ کے ساتھ مذاکرات کے بارے میں کہا کہ امریکہ ایک طرف مذاکرات کی پیشکش کرتا ہے اور دوسری طرف دھمکیاں دیتا ہے، امریکہ کے ساتھ مذاکرات کرنا ایک عہد شکن ملک کے ساتھ بات چیت کرنے کے مترادف ہے، کیونکہ ماضی میں بھی امریکہ نے اپنے وعدوں پر عمل نہیں کیا۔ انہوں نے مثال دی کہ ایران کے ساتھ جوہری معاہدے (برجام) کے دوران بھی امریکہ نے پابندیاں ختم کرنے کے بجائے انہیں اور بڑھا دیا تھا۔

آیت اللہ بوشہری نے ٹرمپ کے فلسطینیوں کو غزہ سے نکالنے کے منصوبے کی مذمت کی اور اسے انسانی حقوق کی خلاف ورزی اور انسانیت کے خلاف جرم قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کو عالمی سطح پر مخالفت کا سامنا ہے اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے بھی اسے نسل کشی کے مترادف قرار دیا ہے۔

انہوں نے قطر کے امیر کی ایران کے دورے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایران کا ہدف اپنے پڑوسی ممالک کے ساتھ دوستانہ تعلقات استوار کرنا ہے، لیکن امریکہ کے دباؤ کی وجہ سے یہ کام مشکل ہو رہا ہے۔

آیت اللہ حسینی بوشہری نے ملک کے حکام سے مطالبہ کیا کہ وہ مہنگائی کو کم کر کے عوام کے معیار زندگی کو بہتر بنائیں، خاص طور پر رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں عبادت کے لیے موافق ماحول فراہم کریں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی مشکلات کو کم کرنا حکام کی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے انقلاب اسلامی ایران کی فتح کی سالگرہ 22 بہمن کی ریلی میں عوام کی بڑی شرکت کی تعریف کی اور کہا کہ یہ ریلی انقلاب اسلامی کی عوامی روح کی عکاسی کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران کے لوگ دشمن کے دباؤ اور لالچ سے نہیں ڈرتےاور انقلاب کی حفاظت کو سب سے اہم سمجھتے ہیں۔

آخر میں، آیت اللہ بوشہری نے غفلت کے اسباب پر روشنی ڈالی اور کہا کہ نفسانی خواہشات، لمبی امیدیں، اور جہالت انسان کو آخرت کی یاد سے غافل کر دیتے ہیں۔ انہوں نے رمضان کے مبلغین سے درخواست کی کہ وہ عوام کو معاد (قیامت) کی یاد دہانی کروائیں تاکہ دنیاوی لذتوں کے بجائے آخرت کی تیاری پر توجہ مرکوز کی جا سکے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha